دبئی( سپورٹس ڈیسک)فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے آغاز کے بعد سے سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے نفرت انگیز اور نامناسب مواد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے۔عالمی فٹبال تنظیم کے مطابق 11 جون سے اب تک کروڑوں پوسٹس اور تبصروں کا تجزیہ کیا گیا، جن میں سے 3 لاکھ 88 ہزار سے زائد مواد کو حذف کر دیا گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ٹورنامنٹ کے آغاز سے اب تک تقریباً 38 لاکھ سوشل میڈیا پوسٹس کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا، جبکہ مجموعی نگرانی کے دوران 25 کروڑ سے زیادہ پوسٹس اور تبصروں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ان میں سے 3 کروڑ سے زائد مواد کو نقصان دہ یا نفرت پر مبنی قرار دیا گیا۔یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فیفا، ٹک ٹاک اور امریکی شہر اٹلانٹا کی انتظامیہ نے نفرت انگیز تقاریر کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا۔اس تقریب میں کھلاڑیوں، پالیسی سازوں، ٹیکنالوجی ماہرین اور سماجی رہنماؤں نے شرکت کی اور کھیلوں کو اتحاد، احترام اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ کا ذریعہ بنانے پر زور دیا۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ نفرت انگیز رویوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ کھیلوں کے ماحول کو محفوظ اور مثبت بنایا جا سکے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026: سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کے خلاف بڑی کارروائی
واپس خبروں پر
Category:
سپورٹس