وا شنگٹن( سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایران نے امریکا میں اپنے میچز کے انعقاد سے متعلق نئی شرائط سامنے رکھ دی ہیں۔عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر میچز کے دوران متنازع جھنڈے لہرائے گئے یا ایرانی ٹیم کے خلاف نعرے بازی کی گئی تو میچ روکنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ایران کے وزیر کھیل احمد دونیا مالی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے فیفا کو آگاہ کر دیا گیا ہے، اور انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مصر کے خلاف میچ کے دوران کسی قسم کی خلل اندازی نہیں ہوگی۔رپورٹس کے مطابق اپریل میں وینکوور میں ہونے والی فیفا کانگریس کے دوران بعض مظاہرین نے ایران پر ٹورنامنٹ سے پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔مزید یہ کہ ایرانی ٹیم کو انتظامی اور لاجسٹک چیلنجز کا بھی سامنا ہے، جبکہ ایرانی شائقین کے لیے مختص کچھ ٹکٹس بعد میں منسوخ کر دیے گئے۔ایران کی ٹیم ان دنوں میکسیکو کے شہر تیجوانا میں تربیتی کیمپ میں موجود ہے اور اپنے میچز سے قبل امریکا میں داخل ہوگی، تاہم میچ کے بعد دوبارہ میکسیکو واپس جائے گی۔گروپ جی میں شامل ایران اپنی مہم کا آغاز 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرے گا، جبکہ دوسرا میچ بیلجیم کے خلاف اسی مقام پر اور تیسرا میچ 26 جون کو سیاٹل میں مصر کے خلاف کھیلے گا۔