ڈیلاس( سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں پہلی بار متعارف کرائی گئی لازمی ہائیڈریشن بریکس کو شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔بدھ کے روز گروپ ایل کے میچوں کے دوران انگلینڈ، کروشیا، گھانا اور پاناما کے مداحوں نے ان وقفوں کے خلاف سخت ردِعمل کا اظہار کیا اور مختلف اسٹیڈیمز میں احتجاجی آوازیں بلند ہوئیں۔ڈیلاس میں انگلینڈ اور کروشیا کے درمیان میچ کے 22ویں منٹ میں جب ریفری نے پہلا ہائیڈریشن بریک لیا تو دونوں ٹیموں کے شائقین نے شدید ہوٹنگ کی اور اس فیصلے پر ناراضی ظاہر کی۔اسی طرح ٹورنٹو میں گھانا اور پاناما کے میچ کے دوران بھی شائقین نے وقفے کے دوران اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا، اگرچہ وہاں موسم نسبتاً ٹھنڈا اور بارش والا تھا۔فیفا کے مطابق یہ اقدام شمالی امریکہ کے گرم اور مرطوب موسم کے پیش نظر متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت ہر ہاف میں تین منٹ کا لازمی وقفہ دیا جاتا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو آرام اور پانی پینے کا موقع مل سکے۔تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ وقفے کھیل کے تسلسل کو متاثر کرتے ہیں اور اس دوران براڈکاسٹرز کو اضافی اشتہارات دکھانے کا موقع بھی مل جاتا ہے، جس پر بحث جاری ہے۔