اباسین خبر

فیفا ورلڈ کپ 2026: ڈیلاس میچ میں بغیر ٹکٹ داخلے کے الزامات، سیکیورٹی پر سوالات اٹھ گئے

فیفا ورلڈ کپ 2026: ڈیلاس میچ میں بغیر ٹکٹ داخلے کے الزامات، سیکیورٹی پر سوالات اٹھ گئے

لندن( سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران سیکیورٹی انتظامات پر اس وقت سنگین سوالات اٹھنے لگے جب شائقین کے بغیر ٹکٹ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے واقعات سامنے آئے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈیلاس میں انگلینڈ اور کروشیا کے درمیان میچ کے دوران متعدد افراد مبینہ طور پر ٹکٹ کے بغیر اسٹیڈیم میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ کئی افراد سیکیورٹی اور ٹکٹ چیکنگ پوائنٹس سے بچ کر آسانی سے اندر پہنچ گئے۔ ایک انگلش شائق کے مطابق چیکنگ کے دوران بیریئرز میں بڑے خلا موجود تھے جن کا فائدہ اٹھا کر لوگ داخل ہوتے رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہاں موجود رضاکار زیادہ تر بزرگ خواتین تھیں جو سختی سے چیکنگ نہیں کر رہی تھیں، جبکہ ان کے ٹکٹ اور دیگر اشیاء کی بھی مکمل جانچ نہیں کی گئی۔رپورٹ کے مطابق کچھ افراد بغیر ٹکٹ اسکین کیے اندر داخل ہوئے، جبکہ بعض نے رکاوٹیں پھلانگنے کی بھی کوشش کی۔اس میچ کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات اور اسنائپرز کی تعیناتی کے دعوے بھی کیے گئے تھے، تاہم واقعے کے بعد انتظامی کارکردگی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔فیفا کے ترجمان نے کہا ہے کہ انہیں فی الحال بغیر ٹکٹ داخلے کے کوئی شواہد موصول نہیں ہوئے، جبکہ پولیس نے بھی اس معاملے پر لاعلمی ظاہر کی ہے۔اس واقعے کے بعد مہنگے ٹکٹ خریدنے والے شائقین میں شدید تشویش اور ناراضی پائی جا رہی ہے۔