لاہور( سپورٹس ڈیسک)زیورخ میں عالمی فٹبال تنظیم کے ہیڈکوارٹر میں فیفا سیکریٹری جنرل میتھیاس گراف اسٹرم نے صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن سید محسن گیلانی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر کی فیفا حکام سے ہونے والی ملاقات میں فٹبال گورننس اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران فیفا سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی خواتین فٹبال ٹیم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور فیفا سیریز میں شاندار کارکردگی کو سراہا۔صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے پاکستان فٹبال کے لیے فیفا کی مسلسل حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے ملک میں کھیل کے فروغ میں مدد ملے گی۔اعلامیے کے مطابق پی ایف ایف کی حالیہ سرگرمیوں اور اقدامات پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی اور فیفا حکام کو کارکردگی سے آگاہ کیا گیا، جبکہ پاکستان میں فٹبال کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔فیفا سیکریٹری جنرل نے پاکستان میں فٹبال کے روشن مستقبل کے لیے امید کا اظہار کرتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیفا کا پی ایف ایف قیادت پر اعتماد، پاکستان فٹبال کے روشن مستقبل کی امید
1 دن قبل