بصارت سے محروم فواد عالم ’پاکستانز گاٹ ٹیلنٹ‘ کے پہلے فاتح بن گئے
کراچی ( شوبز ڈیسک) بصارت سے محروم کم عمر فنکار فواد عالم نے اپنی آواز اور موسیقی کی صلاحیتوں سے ناظرین کو متاثر کرتے ہوئے ’پاکستانز گاٹ ٹیلنٹ‘ کے پہلے سیزن کی ٹرافی جیت لی۔17 اقساط پر مشتمل شو کے فائنل میں فواد عالم نے عوامی ووٹنگ میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، جس کے بعد انہیں پروگرام کا پہلا فاتح قرار دیا گیا۔ کامیابی پر انہیں ٹرافی کے ساتھ نئی گاڑی بھی انعام میں دی گئی۔چھٹی جماعت کے طالب علم فواد نے پروگرام کے آغاز ہی سے موسیقی سے اپنی وابستگی اور پراعتماد پرفارمنس کے ذریعے ناظرین کی توجہ حاصل کی۔ بصارت سے محرومی ان کے شوق اور صلاحیتوں کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکی اور وہ مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے فائنل تک پہنچے۔فواد نے متعدد امیدواروں کو پیچھے چھوڑ کر ٹائٹل اپنے نام کیا اور اپنی صلاحیت و اعتماد کے ذریعے خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں کیلئے بھی حوصلہ افزا مثال قائم کی۔