فاطمہ ثنا نے تیز ترین نصف سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

1 گھنٹے قبل
فاطمہ ثنا نے تیز ترین نصف سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

کراچی( سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے تیز ترین نصف سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔زمبابوے کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں فاطمہ ثنا نے صرف 15 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، یوں انہوں نے نیوزی لینڈ کی کھلاڑی صوفی ڈیوائن کا 18 گیندوں کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان نے 19 گیندوں پر ناقابل شکست 62 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جبکہ جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 90 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔اس طرح پاکستان نے میچ 133 رنز سے جیت کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔دیگر نمایاں بیٹرز میں سائرہ جبین نے ناقابل شکست 50 جبکہ عائشہ ظفر نے 45 رنز بنائے۔