بال ٹیمپرنگ تنازع: فاف ڈوپلیسی کا اسٹیو اسمتھ کو مشکل وقت میں حمایت کا انکشاف
لاہور( سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقا کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی نے انکشاف کیا ہے کہ 2018 میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ تنازع سامنے آنے پر انہوں نے آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ کو پیغام بھیج کر حوصلہ دیا اور حمایت کا یقین دلایا تھا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی ویڈیو سیریز ’’کرکٹرز آن کرکٹرز‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فاف ڈوپلیسی نے بتایا کہ جب اسٹیو اسمتھ کو بال ٹیمپرنگ تنازع کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تو انہیں 2016 میں اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ یاد آگیا، جب ہوبارٹ ٹیسٹ میں گیند کی حالت تبدیل کرنے کے معاملے پر انہیں بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ڈوپلیسی کے مطابق کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران پریس کانفرنس میں اسمتھ کی جانب سے ذمہ داری قبول کرنے کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ آسٹریلوی کپتان غیر معمولی دباؤ سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس صورت حال میں انہوں نے اسمتھ کو پیغام بھیجا اور انہیں مشکل وقت میں مضبوط رہنے کی تلقین کرتے ہوئے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔سابق جنوبی افریقی کپتان نے یہ بھی یاد کیا کہ 2016 میں اسٹیو اسمتھ نے ان کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنے کے بجائے ان کا دفاع کیا تھا، جس پر جنوبی افریقی ٹیم کے دل میں آسٹریلوی کھلاڑی کے لیے احترام پیدا ہوا۔واضح رہے کہ 2018 کے کیپ ٹاؤن بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد اسٹیو اسمتھ پر ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی اور ان سے آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی بھی واپس لے لی گئی تھی۔