پاکستان کی سفارتی کوششوں کو یورپی یونین کا خراجِ تحسین

1 گھنٹے قبل
پاکستان کی سفارتی کوششوں کو یورپی یونین کا خراجِ تحسین

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے پاکستان کی سفارتی مہارت اور عالمی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے اہم اور مثبت کردار قرار دیا ہے۔عالمی جریدے کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں کے ذریعے ایک ممکنہ بڑے تصادم کو روکنے میں مخلصانہ کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مؤثر سفارتی سرگرمیوں نے مختلف مواقع پر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور تنازع کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد فراہم کی۔رپورٹ کے مطابق پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان فاصلے کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے سنجیدہ اور دانشمندانہ اقدامات کیے۔ اس سلسلے میں پاکستان نے ایرانی اور امریکی وفود کے درمیان براہِ راست بات چیت کی میزبانی بھی کی۔مزید بتایا گیا کہ سید عاصم منیر نے بھی سفارتی رابطوں کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوششوں میں کردار ادا کیا۔ماہرین کے مطابق پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور ایک وسیع جنگ کے خطرے کو کم کرنے کے لیے سیاسی اور عسکری سفارت کاری کا مؤثر مظاہرہ کیا۔ ان کے نزدیک امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں پاکستان کا کردار عالمی سطح پر اس کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور اہمیت کا عکاس ہے۔