لاہور ( سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے یوئیفا ماسٹر ٹرینر ہملٹن جانتھن ان دنوں فٹبال ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت لاہور میں بچوں کی تربیت میں مصروف ہیں۔یوئیفا سے وابستہ کوچ نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں واقع فٹبال اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر تربیت بچوں کو فٹبال کی بنیادی تکنیکس پر لیکچر دیا اور اپنے پیشہ ورانہ تجربات بھی شیئر کیے۔ہملٹن جانتھن کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان میں کرکٹ کو زیادہ مقبولیت حاصل ہے، تاہم فٹبال کے حوالے سے بچوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور جذبہ حوصلہ افزا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 7 سے 10 سال کی عمر سیکھنے کے لیے بہترین مرحلہ ہے، اور اگر درست منصوبہ بندی اور تربیت فراہم کی جائے تو یہی بچے مستقبل میں اعلیٰ معیار کے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے اکیڈمی کے کوچز تجمل خان، محسن وٹو، افنان اور محمد مدثر کو جدید فٹبال ٹریننگ تکنیکس سے بھی آگاہ کیا۔ڈسٹرکٹ لاہور فٹبال کے صدر ضیا عارف ڈوگر، محمد راشد، محمد اکرم اور شیخ شعیب نے یوئیفا ماسٹر ٹرینر کی لاہور آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح کے ماہر کوچ کی موجودگی سے نہ صرف بچوں بلکہ کوچز کی صلاحیتوں میں بھی نمایاں بہتری آئے گی اور انہیں بین الاقوامی معیار کی تربیت حاصل ہوگی۔
انگلینڈ کے یوئیفا ماسٹر ٹرینر کا لاہور میں فٹبال ٹیلنٹ کی تربیت پرتبادلہ خیال
2 گھنٹے قبل