ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے لیے پاکستان کے ذریعے سفارتی رابطے جاری

3 گھنٹے قبل
ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے لیے پاکستان کے ذریعے سفارتی رابطے جاری

نیویارک ( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستان کے ذریعے سفارتی رابطے اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان سے متعلق اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے بتایا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان خیالات اور تجاویز کے تبادلے کا عمل بدستور جاری ہے۔امیر سعید ایروانی نے کہا کہ دونوں ممالک پاکستان کی ثالثی کے ذریعے مختلف نکات پر اپنی آرا اور تجاویز کا تبادلہ کر رہے ہیں تاکہ کسی متفقہ اور قابلِ قبول معاہدے تک پہنچا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ اب تک دونوں فریق کسی حتمی معاہدے یا مسودے پر متفق نہیں ہو سکے، تاہم مذاکراتی عمل جاری ہے اور اس میں پیش رفت کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ایرانی مندوب کے مطابق موجودہ سفارتی رابطوں کا مقصد اختلافات کو کم کرنا اور ایسا فریم ورک تیار کرنا ہے جو دونوں ممالک کے لیے قابل قبول ہو۔ ان کے مطابق پاکستان اس عمل میں ایک اہم رابطہ کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان یہ سفارتی کوششیں خطے میں کشیدگی میں کمی اور وسیع تر سیاسی استحکام کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہیں، جبکہ پاکستان کی ثالثی کو بھی بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل ہو رہی ہے۔