امریکا اور ایران میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے مرحلہ وار جنگ بندی منصوبے کی تفصیلات سامنے آگئیں

1 گھنٹے قبل
امریکا اور ایران میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے مرحلہ وار جنگ بندی منصوبے کی تفصیلات سامنے آگئیں

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ اور تہران کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ایک نئی جنگ بندی تجویز سامنے آئی ہے، جس کے تحت دونوں ممالک مرحلہ وار معاہدے کے ذریعے تنازع ختم کرنے، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے اور وسیع مذاکرات شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ مجوزہ معاہدہ ایک مفاہمتی یادداشت کی شکل میں تیار کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد خطے میں جاری بحران کو کم کرنا اور عالمی تجارتی راستوں کو دوبارہ محفوظ بنانا ہے۔رپورٹس کے مطابق امریکی منصوبہ تین مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرتے ہوئے بحری جہازوں کی آمدورفت بحال کی جائے گی، جبکہ تیسرے مرحلے میں 30 روزہ مذاکراتی عمل شروع ہوگا جس میں اہم سیاسی اور جوہری امور پر بات چیت کی جائے گی۔امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن نے ایران کے سامنے 14 نکاتی منصوبہ بھی پیش کیا ہے، جس کے تحت ایران کو کم از کم 12 سال تک یورینیم افزودگی روکنے اور جوہری ہتھیار نہ بنانے کی ضمانت دینا ہوگی۔ اس کے علاوہ ایران سے 60 فیصد افزودہ تقریباً 440 کلوگرام یورینیم حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔