جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کا جنوبی لبنان پر حملہ، کشیدگی برقرار

11 گھنٹے قبل
جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کا جنوبی لبنان پر حملہ، کشیدگی برقرار

بیروت ( مانیٹرنگ ڈیسک) جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی کم نہ ہو سکی، اور اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان پر حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر بمباری کی، جس کے بعد دریائے زہرانی کے جنوب میں رہنے والے شہریوں کو گھروں کو واپس نہ جانے کی ہدایت جاری کی گئی۔اقوام متحدہ کی امن فوج کے ایک مورچے پر مارٹر گولے گرنے سے ایک اہلکار زخمی ہوا، جو بعد ازاں دم توڑ گیا۔لبنانی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد ہونے والے اسرائیلی حملوں میں 8 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے، جن میں 3 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔دوسری جانب حزب اللہ نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوجی اہداف پر راکٹ حملے کیے ہیں۔حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب تک ان کے بقول لبنانی عوام پر حملے جاری رہیں گے، جوابی کارروائی بھی جاری رہے گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا، تاہم امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دونوں فریقوں نے بات چیت جاری رکھنے اور 22 جون کو دوبارہ مذاکرات پر اتفاق کیا تھا۔