دہلی ہائی کورٹ کا کاکروچ جنتا پارٹی کا ایکس اکاؤنٹ بحال کرنے کا حکم
نئی دہلی ( مانیٹرنگ ڈیسک) دہلی ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ نوجوانوں کی سیاسی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی کا سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر معطل کیا گیا اکاؤنٹ بحال کیا جائے، جو ایک ماہ سے زائد عرصے سے بند تھا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پارٹی کا ایکس اکاؤنٹ چند ہی دنوں میں تقریباً دو لاکھ فالوورز حاصل کرنے کے بعد معطل کر دیا گیا تھا۔عدالت میں وفاقی حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ اکاؤنٹ پر شیئر کی جانے والی پوسٹس ملک گیر میڈیکل کالج داخلہ امتحان کے دوبارہ انعقاد کے دوران امن و امان کی صورتحال متاثر کر سکتی تھیں۔ یہ امتحان سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے بعد دوبارہ لیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق کاکروچ جنتا پارٹی گزشتہ دو ہفتوں سے متبادل ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے حامیوں سے رابطے میں ہے اور سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے معاملے پر وفاقی وزیر تعلیم کے استعفے کے مطالبے کے لیے احتجاج اور دھرنے بھی دے رہی ہے۔سماعت کے دوران بھارتی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ اسے اکاؤنٹ کی بحالی پر کوئی اعتراض نہیں، جس کے بعد دہلی ہائی کورٹ نے اکاؤنٹ فوری طور پر بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا۔پارٹی کے بانی ابھیجیت نے ایکس پر جاری بیان میں عدالتی فیصلے کو پارٹی، عوامی تحریک، آزادیٔ اظہارِ رائے اور ڈیجیٹل حقوق کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔کاکروچ جنتا پارٹی خود کو سست اور بے روزگار نوجوانوں کی نمائندہ جماعت قرار دیتی ہے، جبکہ پارٹی کے مطابق اس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تقریباً دو کروڑ 20 لاکھ فالوورز موجود ہیں۔