فیفا پر سائبر حملہ، اہم معلومات چوری ہونے کا انکشاف
دبئی ( سپورٹس ڈیسک) عالمی فٹبال کی نگران تنظیم فیفا نے سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ غیر مجاز افراد نے ادارے کی محدود ذاتی اور کاروباری معلومات تک رسائی حاصل کرکے انہیں چوری کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیفا کو سائبر حملے کا علم جمعرات 26 نومبر کو ہوا، تاہم تنظیم نے یہ واضح نہیں کیا کہ حملہ کب کیا گیا اور کتنے افراد کی معلومات افشا ہوئیں۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس حملے میں فیفا کے مجموعی ڈیٹا کا 0.1 فیصد سے بھی کم حصہ متاثر ہوا ہے۔ ہیکرز نے تنظیم کے سافٹ ویئر میں کسی تکنیکی خامی سے فائدہ اٹھانے کے بجائے ملازمین کا روپ دھار کر ادارے کے نظام تک رسائی حاصل کی۔رپورٹس کے مطابق ’ہینڈسم بوائے ہیکنگ کلب‘ نامی ہیکرز گروپ نے سوشل میڈیا پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ گروپ نے گزشتہ ہفتے فیفا کی اندرونی دستاویزات کے بعض عکس بھی جاری کیے تھے، جبکہ 12 گیگا بائٹس سے زائد معلومات چوری کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ہیکرز کے مطابق چوری شدہ فائلوں میں اعلیٰ حکام کی تفصیلات، مالیاتی ریکارڈ، قانونی دستاویزات اور امیگریشن سے متعلق کاغذات شامل ہیں، تاہم فیفا نے ان دعوؤں کی تصدیق یا تردید میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔فیفا کے منسوخ شدہ عالمی کپ تجارتی حقوق کے منصوبے سے متعلق دستاویزات اس سائبر حملے سے متاثر نہیں ہوئیں۔تنظیم نے ذاتی معلومات کی چوری اور انہیں انٹرنیٹ پر عام کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے رازداری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔