متنازع فلم ’نازا‘ کی امریکا میں نمائش، تھیٹر کے باہر احتجاج
نیویارک ( شو بز ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں سے متعلق متنازع دستاویزی فلم ’نازا‘ کی شمالی امریکا میں پہلی نمائش نیویارک فلم فیسٹیول کے دوران کی گئی۔اسرائیلی فلم ساز یووال ابراہم اور ریچل زور کی ہدایت کاری میں بننے والی دستاویزی فلم میں اسرائیلی فوج اور انٹیلی جنس سے وابستہ 24 گمنام افراد کے انٹرویوز شامل ہیں، جن میں غزہ میں اہداف کے انتخاب اور فوجی کارروائیوں سے متعلق سنگین الزامات اور تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔نیویارک میں فلم کی نمائش کے بعد گفتگو کرتے ہوئے یووال ابراہم نے کہا کہ وہ فلم کے ذریعے امریکی ناظرین تک بھی اپنا پیغام پہنچانا چاہتے ہیں۔فلم کی نمائش کے موقع پر تھیٹر کے باہر اسرائیل کے حامی مظاہرین بھی جمع ہوئے، جنہوں نے فلم کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملوں کے تناظر کو بھی نمایاں کرنے کا مطالبہ کیا۔یووال ابراہم نے پریمیئر کے دوران 7 اکتوبر کے حملوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک ان حملوں کو بعد میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔دستاویزی فلم ’نازا‘ اس سے قبل وینس فلم فیسٹیول میں خصوصی جیوری انعام حاصل کرچکی ہے، جہاں اسے طویل عرصے تک تالیاں بھی ملیں۔