چلتی اسکول وین سے گر کر تیسری جماعت کا طالب علم جاں بحق
کٹنی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع کٹنی میں اسکول سے گھر واپس جانے والا تیسری جماعت کا 10 سالہ طالب علم چلتی وین سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جیت یادو نامی بچہ ایک نجی اسکول میں زیر تعلیم تھا اور اسکول وین کے ذریعے گھر جا رہا تھا کہ اچانک گاڑی کا دروازہ کھل گیا، جس کے نتیجے میں وہ سڑک پر جا گرا۔حادثے میں جیت یادو کو شدید چوٹیں آئیں اور اسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکا۔رپورٹس کے مطابق شہریوں اور والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ علاقے کے نجی تعلیمی ادارے سپریم کورٹ کی ہدایات اور حفاظتی اصولوں پر عمل نہیں کر رہے، جس کے باعث ایسے حادثات پیش آ رہے ہیں۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ڈرائیور کی ممکنہ غفلت، گاڑی کی فٹنس اور اسکول انتظامیہ کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔