اباسین خبر

چین کا امریکا ایران مفاہمتی پیش رفت کا خیرمقدم، پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا

چین کا امریکا ایران مفاہمتی پیش رفت کا خیرمقدم، پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا

بیجنگ ( مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے امریکا اور ایران کے درمیان پہلے مرحلے کی مفاہمتی یادداشت کے متن پر اتفاق رائے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس پیش رفت میں پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا کہ چین امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ تمام فریق طے شدہ شیڈول کے مطابق معاہدے پر دستخط کریں گے۔ترجمان نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات میں سہولت کاری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں سفارتی حل کی طرف اہم قدم قرار دیا۔انہوں نے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین علاقائی تنازعات کے حل کے لیے سفارتی اور سیاسی ذرائع کی حمایت جاری رکھے گا۔لین جیان کے مطابق چین عالمی برادری کے ساتھ مل کر خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور ہمیشہ سے مذاکرات کو تنازعات کے حل کا بہترین راستہ سمجھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمت نہ صرف کشیدگی میں کمی کا باعث بن سکتی ہے بلکہ خطے میں وسیع تر امن کے لیے بھی سازگار ماحول پیدا کرے گی۔