لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سب سے معروف اور پرجوش حمایتی ’چاچا کرکٹ‘ نے رواں سال کرکٹ اسٹیڈیمز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔77 سالہ عبدالجلیل، جو ’چاچا کرکٹ‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں، 4 جون کو لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے تیسرے ون ڈے میچ میں آخری بار اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا اور اپنی ایک پوسٹ میں انہیں صرف ایک عام مداح نہیں بلکہ پاکستانی کرکٹ کی حمایت کی ایک مضبوط علامت قرار دیا۔بورڈ کی جانب سے ان کی زندگی بھر کی محبت، جذبے، یادوں اور وفاداری پر شکریہ ادا کیا گیا۔یاد رہے کہ عبدالجلیل نے پہلی مرتبہ 1968-69 میں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ دیکھا تھا، جس کے بعد وہ کرکٹ سے جڑ گئے۔بعد ازاں وہ شارجہ اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے مستقل اور نمایاں حمایتی کے طور پر مشہور ہوئے۔ سبز لباس اور مخصوص ٹوپی ان کی پہچان بن گئی، جبکہ 1999 کے ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں ٹیم کی بھرپور حمایت نے انہیں عالمی شہرت دلائی۔چاچا کرکٹ کا کہنا ہے کہ وہ اب سیالکوٹ کے قریب ایک ریسٹورنٹ اور میوزیم قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں کرکٹ سے جڑی یادگار اشیاء محفوظ کی جائیں گی۔ان کے مطابق انہوں نے پاکستان کے پانچ سو میچز میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کا اپنا ہدف مکمل کر لیا ہے۔انہوں نے پاکستان کی کئی تاریخی فتوحات دیکھی ہیں، جن میں جاوید میانداد کا 1986 میں آخری گیند پر شاندار چھکا اور 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل شامل ہے۔حالیہ برسوں میں قومی ٹیم کی کارکردگی سے وہ مایوس بھی نظر آئے، تاہم ان کی امید اب بھی برقرار ہے کہ پاکستان ٹیم دوبارہ کامیابیوں کی راہ پر گامزن ہوگی۔
چاچا کرکٹ کی ریٹائرمنٹ کا اعلان، اسٹیڈیم میں آخری بار شرکت
1 گھنٹے قبل