بابر اعظم کی نیٹس میں واپسی، دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کے امکانات روشن

2 گھنٹے قبل
بابر اعظم کی نیٹس میں واپسی، دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کے امکانات روشن

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے بائیں گھٹنے کی تکلیف میں بہتری کے بعد دوبارہ نیٹس میں بیٹنگ پریکٹس شروع کر دی ہے۔بابر اعظم ڈھاکا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ سے گھٹنے کی انجری کے باعث باہر ہو گئے تھے، تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ٹیم ذرائع کے مطابق بابر نے بیٹنگ کوچ اسد شفیق کی نگرانی میں بھرپور نیٹس سیشن کیا، جس دوران ٹیم کے فزیو اور ٹریننگ اسٹاف بھی موجود تھا۔پریکٹس کے دوران بابر اعظم نے بغیر کسی دشواری کے وکٹوں کے درمیان دوڑ بھی لگائی، جس کے بعد ان کی اگلے ٹیسٹ میچ میں شرکت کے امکانات خاصے روشن ہو گئے ہیں۔پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 16 سے 20 مئی تک سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بابر اعظم کی انجری سنگین نوعیت کی نہیں تھی، اور ٹیم مینجمنٹ نے احتیاطی طور پر انہیں پہلے ٹیسٹ سے آرام دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ انہوں نے خود ٹیم سے باہر رہنے کی درخواست نہیں کی تھی۔واضح رہے کہ بابر اعظم حالیہ عرصے میں شاندار فارم میں ہیں اور انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں 588 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے بیٹر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔