اسٹیڈیم سے کام کرنے کی پیشکش پر آسٹریلوی کاروباری حلقوں کے تحفظات

اسٹیڈیم سے کام کرنے کی پیشکش پر آسٹریلوی کاروباری حلقوں کے تحفظات

Oct 9, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا میں کرکٹ وکٹوریہ کی جانب سے شائقین کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دفتری امور انجام دینے کی 16 ڈالر کی پیشکش پر کاروباری حلقوں نے اعتراضات اٹھا دیے ہیں۔کرکٹ وکٹوریہ نے میلبرن کے جنکشن اوول میں ’’ورک فرام دی شیلڈ‘‘ پیکج متعارف کرایا ہے، جس کے تحت شائقین شیفیلڈ شیلڈ کے میچ کے دوران لیپ ٹاپ پر کام کر سکتے ہیں۔ پیکج میں فنکشن روم تک رسائی، وائی فائی اور مفت چائے یا کافی شامل ہے، جبکہ اس کی قیمت عام ٹکٹ سے صرف 6 ڈالر زیادہ ہے۔آسٹریلین انڈسٹری گروپ وکٹوریہ کے سربراہ ٹم پائپر نے کہا کہ گھر سے کام کرنے کی سہولت کا مطلب یہ نہیں کہ ملازمین کھیل دیکھنے چلے جائیں۔ وکٹورین چیمبر آف کامرس کی قائم مقام سربراہ امیلیا بٹسس نے بھی کام اور کرکٹ پر الگ الگ توجہ دینے اور میچ دیکھنے کے لیے چھٹی لینے کا مشورہ دیا۔دوسری جانب کرکٹ وکٹوریہ کے چیف ایگزیکٹو نک کمنز نے پیکج کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر لوگ گھر سے کام کر سکتے ہیں تو کرکٹ گراؤنڈ سے کیوں نہیں؟ اس پیشکش کو سوشل میڈیا پر بھی خاصی پذیرائی ملی ہے۔یہ سہولت وکٹوریہ اور جنوبی آسٹریلیا کے میچ کے دوران جمعرات اور جمعہ کو دستیاب ہے، جبکہ مارچ میں اسے دوبارہ متعارف کرانے کی توقع ہے۔ یہ بحث ایسے وقت میں جاری ہے جب وکٹوریہ میں ملازمین کو ہفتے میں دو دن گھر سے کام کرنے کا قانونی حق دینے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔