تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے مغربی حصے کی فضائی حدود غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عراق نے بھی اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی ہے۔ اسی طرح شام نے جنوبی فضائی حدود کو بارہ گھنٹوں کے لیے بند کرتے ہوئے دمشق ہوائی اڈے پر پروازوں کا نظام بھی معطل کر دیا ہے۔دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے نے اپنے عملے اور ان کے اہل خانہ کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپیل کے باوجود اسرائیل نے ایران پر جوابی حملہ کیا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران، تبریز اور اصفہان میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ کرج کے قریب بھی دھماکے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے مغربی اور وسطی ایران میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے اور یہ کارروائی ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔
خطے میں کشیدگی کے باعث متعدد ممالک کی فضائی حدود بند، پروازیں متاثر
2 گھنٹے قبل