افغانستان دہشت گردوں کی پناہ گاہ، عالمی خدشات میں اضافہ

3 گھنٹے قبل
افغانستان دہشت گردوں کی پناہ گاہ، عالمی خدشات میں اضافہ

کولمبو ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایک سری لنکن جریدے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغانستان دہشت گرد عناصر کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنتا جا رہا ہے، جہاں سے سرحد پار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ افغان طالبان کی سرپرستی میں دہشت گردی کو تقویت مل رہی ہے اور مختلف شدت پسند گروہ افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے دیگر ممالک میں حملوں میں ملوث ہیں، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ القاعدہ اور داعش جیسے خطرناک گروہ اب بھی افغانستان میں موجود ہیں، جبکہ دو ہزار اکیس کے بعد طالبان اور ان تنظیموں کے درمیان روابط مزید مضبوط اور تشویشناک ہو گئے ہیں۔جریدے کے مطابق طالبان حکام کی جانب سے بارہا یقین دہانی کرائی گئی کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی، تاہم عالمی ادارے ان دعوؤں کو تسلیم نہیں کر رہے اور صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔