آخری اوور میں افغان کھلاڑی کی انجری کا ڈرامہ، کمنٹیٹرز ہنسی نہ روک سکے
لاہور ( سپورٹس ڈیسک) افغانستان کے کرکٹر قیس احمد نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ کے آخری اوور میں ایسا انداز اختیار کیا کہ شائقین کو گل بدین نائب کا مشہور واقعہ یاد آگیا۔میچ پانچویں روز انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوچکا تھا اور کھیل ختم ہونے میں چند منٹ باقی تھے، جبکہ بنگلادیش کو فتح کے لیے صرف دو وکٹیں درکار تھیں۔ایسے نازک موقع پر قیس احمد نے وقت گزارنے کے لیے انجری کا بہانہ کیا، تاکہ کم سے کم گیندوں کا سامنا کرنا پڑے۔افغان کھلاڑی گیند کا دفاع کرنے کے بعد اچانک اپنی ران کے پچھلے حصے کو پکڑ کر بیٹھ گئے۔ ان کے اس انداز نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔قیس احمد کی اس حرکت پر کمنٹیٹرز بھی اپنی ہنسی پر قابو نہ رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے افغانستان کے آل راؤنڈر گل بدین نائب کے 2024ء کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں پیش آنے والے مشہور واقعے کی یاد تازہ کردی۔واضح رہے کہ قیس احمد نے 80 گیندوں پر 49 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر افغانستان کو یقینی شکست سے بچایا اور میچ ڈرا کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔