کوئٹہ ( اپنے رپور ٹر سے)بی این پی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسی بلوچ، ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و ضلعی صدرغلام نبی مری، انفارمیشن سیکرٹری نسیم جاوید ہزارہ اور لیبر سیکریٹری عطا اللہ کاکڑ نے گزشتہ دنوں کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے صدر نعمت اللہ کرد کے گھر پر رات تین بجے چھاپہ مارنے، چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے، اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نعمت اللہ کرد کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے ،اس طرح کا اقدام خوف و ہراس پھیلانا اورانسانی حقوق کی پامالی ہے۔ انہوں نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی نجکاری کو ملازمین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے اقدام سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ بی این پی ہرگز ملازمین اور مزدور طبقہ کے خلاف نجکاری کی سازش پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔ کسی بھی محکمہ میں یونین اور مزدور فیڈریشن کی تشکیل ملازمین کا قانونی اور آئینی حق ہے لہذا میٹروپولیٹن کی یونین کے خلاف کوئی بھی کارروائی ناقابل قبول ہوگی۔ انہوں نے مقتدر طبقے سے مطالبہ کیاکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کے مسائل کو ہنگامی اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لئے اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر بی این پی احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
مزدور طبقے کیخلاف کسی سازش پر خاموش نہیں رہیں گے‘ بی این پی
34