کو ئٹہ ( اباسین خبر)بلوچستان اسمبلی کی رکن اور نیشنل پارٹی کی صوبائی خواتین سیکرٹری کلثوم نیاز بلوچ نے سریاب روڈ پر لاپتہ افراد کے لواحقین کے پرامن احتجاج پر فائرنگ، لاٹھی چارج، تشدد اور شیلنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی جبر کے ذریعے عوام کی آواز دبانے کی کوشش ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے۔اپنے بیان میں کلثوم نیاز بلوچ نے کہا کہ بلوچستان پہلے ہی مسلسل جبر اور زیادتیوں کا شکار ہے، اور اب پرامن احتجاج پر وحشیانہ طاقت کا استعمال عوامی غم و غصے کو مزید بھڑکا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاپتہ افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے سراپا احتجاج ہیں اور یہ ان کا جمہوری اور قانونی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی آواز سننے کے بجائے ظلم اور بربریت کا راستہ اپنا رہی ہے جو ناقابلِ برداشت ہے۔ کلثوم نیاز بلوچ نے کہا کہ طاقت کے ذریعے بلوچستان کے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے، بلکہ اس سے نفرت اور بداعتمادی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی جبر فورا بند کیا جائے، گرفتار مظاہرین کو رہا کیا جائے اور لاپتہ افراد کے مسئلے کا سنجیدہ حل نکالا جائے۔
حکومت عوام کی آواز سننے کے بجائے ظلم اور بربریت کا راستہ اپنا رہی ہے جو ناقابلِ برداشت ہے:کلثوم نیاز بلوچ
13