اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن نے حکومت سے پیک شدہ دودھ پر عائد ٹیکسز میں نرمی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سے اہم ملاقات کی، جس دوران ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان دودھ پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے اور ملک میں دودھ کی سالانہ پیداوار 70 ملین ٹن سے زائد ہے۔ملاقات میں ڈیری سیکٹر کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پیک شدہ دودھ پر 18 فیصد جی ایس ٹی کے اثرات پر غور کیا گیا۔ پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ پیک شدہ دودھ پر عائد ٹیکس سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں دودھ پروسیسرز اور کسان دونوں متاثر ہوئے ہیں۔ہارون اختر خان نے اس بات کی تصدیق کی کہ ڈیری ایسوسی ایشن کا پیک شدہ دودھ پر ٹیکس میں نرمی کا مطالبہ جائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیری سیکٹر میں مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے بغیر خوراک میں خود کفالت کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ ڈیری فارمز میں سرمایہ کاری بڑھانے سے دودھ کی پیداوار اور معیار میں بہتری آئے گی، جو ملک کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن وفد کی وزیر اعظم کے معاون خصوصی سے ملاقات، پیک شدہ دودھ پر ٹیکس میں نرمی کا مطالبہ
1