اسلام آباد( اباسین خبر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اسلام آباد میں تحریک تحفظ آئین کے رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی نمائندہ اس اجلاس میں شریک نہیں ہوگا، تاہم علی امین گنڈا پور بطور وزیر اعلی خیبر پختونخوا اجلاس میں شرکت کریں گے۔سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ تحریک انصاف اس وقت کسی بھی آپریشن کے حق میں نہیں ہے اور ملک میں فسطائیت کا خاتمہ چاہتی ہے۔ انہوں نے عمران خان کی پے رول پر رہائی کا مطالبہ کیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ غیر آئینی وزیراعظم کی دعوت پر قومی سلامتی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے پاکستان کے حالات کو تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ اداروں کے ذریعے الیکشن میں جیتنے والی پارٹیوں کو ہرایا گیا۔محمود اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ قومی سلامتی کی میٹنگز میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو شامل کیا جانا چاہیے، خاص طور پر عمران خان کو بلانا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو شامل نہیں کیا جائے گا تو عوامی سپورٹ نہیں ملے گی۔سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے بھی پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مذاکرات پر غور کیا جائے، نہ کہ آپریشن پر۔
تحریک انصاف کا قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ، عمران خان کو پے رول پر رہائی کا مطالبہ
2