لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا ایپ ایکس (سابقہ ٹویٹر) کی بندش کے خلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں فل بنچ نے اس کیس کی سماعت کی۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے وکیل نے درخواستوں کی مخالفت کی جبکہ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کے تحت پی ٹی اے نے ایکس کو بند کیا تھا۔عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ سے ایکس کے استعمال کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی اور پی ٹی اے کی ورکنگ کی تفصیلات بھی مانگ لیں۔ مزید برآں، پی ٹی اے کے ذمہ دار افسران کو ریکارڈ سمیت طلب کرنے کی ہدایت کی گئی۔جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا کہ یہ بھی بتایا جائے کہ پابندی کے باوجود کون سے حکومتی ادارے ایکس استعمال کر رہے ہیں، اور یہ بھی وضاحت کی جائے کہ ایکس کی حیثیت قانونی ہے یا غیر قانونی۔ تمام فریقین کو عدالت میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ نے ایکس کی موجودہ صورت حال کے بارے میں آگاہ کرنا ہے، جبکہ جسٹس علی ضیا باجوہ نے سوال کیا کہ اگر ایکس بلاک ہونے کے باوجود استعمال ہو رہا ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہے۔بعد ازاں، لاہور ہائیکورٹ نے اس کیس کی مزید سماعت 20 مارچ تک ملتوی کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا ایپ ایکس کی بندش کے خلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کر لیا
3