لاہور( سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ کی موجودہ بدترین صورتحال کے ذمہ داروں کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ سابق کوچ جیسن گلیسپی نے حال ہی میں عاقب جاوید کو مسخرہ قرار دیتے ہوئے ان کی ذمہ داری سے الگ ہونے کو پاکستان کرکٹ کی ایک بڑی وجہ قرار دیا تھا، جس پر مکی آرتھر نے ان کی تائید کی۔مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ خود ہی اپنے پاوں پر کلہاڑی مار رہی ہے اور وہ خود ہی اپنی بدترین دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کو ایجنڈوں کے تحت چلایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن جیسے قابل کوچز کو ہٹا دیا گیا، حالانکہ وہ پاکستان کرکٹ کو آگے لے جا سکتے تھے۔سابق ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہترین کھلاڑی موجود ہیں اور انہیں وسائل بھی دستیاب ہیں، مگر اس کے باوجود کرکٹ میں افراتفری کا شکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ افسوسناک صورتحال ہے کہ پاکستان میں بے شمار نوجوان ٹیلنٹ اور سکلز ہونے کے باوجود کرکٹ کی حالت بہتر نہیں ہو رہی۔مکی آرتھر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے بہترین کوچز کی خدمات حاصل کیں جو ٹیم کو آگے لے جا سکتے تھے، مگر اس کے بعد وہ مشینری حرکت میں آ گئی جو پاکستان کرکٹ کو کمزور کر دیتی ہے۔
مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ کی تباہی کے ذمہ داروں سے پردہ اٹھا دیا
2