پشاور( اباسین خبر)آئی جی خیبر پختون خوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ دارالعلوم حقانیہ اور بنوں میں ہونے والے دھماکوں کے خودکش حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ پشاور میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اور بنوں دھماکوں کی تحقیقات جاری ہیں، اور دونوں دھماکوں کی سی سی ٹی وی ویڈیوز بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔آئی جی خیبر پختون خوا نے مزید کہا کہ بنوں کے واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی ٹریکنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے اور اس میں غیر ملکی اسلحہ استعمال ہوا ہے جس کی ٹریکنگ کی جا رہی ہے تاکہ اسلحہ کہاں سے آیا اور کس ملک سے آیا اس کا پتا چل سکے۔انہوں نے کرم میں ہونے والے واقعات پر بھی بات کی اور بتایا کہ کرم میں حالات خراب کرنے والے 100 سے زائد ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرم میں دہشت گردی کا عنصر بڑھا ہے، تاہم وہاں کے لیے الگ حکمتِ عملی تیار کر لی گئی ہے اور امید ہے کہ اب کوئی واقعہ نہیں ہوگا۔ذوالفقار حمید نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی ہے اور چند ماہ میں اس پراجیکٹ کو مکمل کر لیا جائے گا، جس سے کرم میں پائیدار امن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔
دارالعلوم حقانیہ اور بنوں دھماکوں کے خودکش حملہ آوروں کی شناخت ہو گئی:آئی جی خیبر پختون خوا کا انکشاف
2