لاہور( اباسین خبر)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور اب اسے سیاسی قوتوں کے حوالے کر دینا چاہیے۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سب سے بڑا سانحہ ہوا ہے اور 120 افراد ابھی تک اغوا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان طویل عرصے سے اسٹیبلشمنٹ کے قبضے میں ہے، اور یہ اب سیاسی جماعتوں کو واپس کر دینا چاہیے۔فواد چوہدری نے کہا کہ صدر آصف زرداری کو آل پارٹی کانفرنس بلانی چاہیے اور اس میں بانی پی ٹی آئی کی شرکت کو لازمی قرار دینا چاہیے، کیونکہ ان کے بغیر آل پارٹی کانفرنس کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اختلافات ختم کر کے ایک پیج پر آ جائیں اور بلوچستان کو سنبھالنے کے لیے نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری اور بانی پی ٹی آئی مل کر کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا ورنہ حالات قابو سے باہر ہو جائیں گے۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان میں قومی حکومت کی ضرورت ہے اور فوری طور پر ایک قومی حکومت تشکیل دی جائے تاکہ الیکشن کی طرف بڑھا جا سکے۔
اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے: فواد چوہدری
4