لاہور( اباسین خبر)پنجاب اسمبلی میں بنوں میں ہونے والے حملے کی مذمت کے لیے قرارداد جمع کرادی گئی۔پنجاب اسمبلی کی اراکین ایم پی اے سارہ احمد اور مہوش سلطانہ کی جانب سے بنوں حملے کی مذمتی قرارداد پیش کی گئی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان بنوں میں ہونے والے بزدلانہ اور سنگدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور بنوں کے عوام اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، جو دہشت گردی کے خلاف بہادری سے لڑ رہے ہیں۔قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ ایوان اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، اور پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جرات و استقامت کے ساتھ جنگ لڑی ہے۔ ایوان سکیورٹی فورسز کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کی توثیق کرتا ہے۔پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں اور اس سفاک حملے کے ذمہ داروں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت ترین سزا دیں۔قرارداد میں تمام سیاسی جماعتوں اور سماجی قوتوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ملک کے استحکام اور سلامتی کے دشمن عناصر کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ ایوان نے پوری دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کے تمام شہری دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور ہم اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پنجاب اسمبلی : بنوں میں ہونے والے حملے کی مذمتی قرارداد جمع
5