اسلام آباد( کامرس ڈیسک)تاجکستان نے گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کو استعمال کرنے، لاجسٹک مسائل حل کرنے اور پاکستان سے براہ راست پروازوں کی درخواست کردی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین سے تاجک سفیر نے ملاقات کی اور دو طرفہ تجارتی تعلقات پر اہم گفتگو کی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے تعلقات گہرے ہیں، اور تجارتی روابط کو مزید بڑھایا جائے گا۔ تاجک سفیر نے گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کے استعمال میں دلچسپی ظاہر کی اور لاجسٹک مسائل کے حل کی درخواست کی۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تاجکستان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا، اور تاجکستان کی پاکستانی مصنوعات میں دلچسپی خوش آئند ہے۔ تاجکستان کی جانب سے پاکستان کو تجارتی نمائش کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان ایف ٹی اے (فری ٹریڈ ایگریمنٹ) معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تاجک سفیر نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان براہ راست پروازوں کی ضرورت پر زور دیا، جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ تاجکستان کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
تاجکستان کی گوادر و کراچی پورٹ استعمال کرنے، پاکستان سے براہ راست پروازوں کی درخواست
2