کراچی ( کامرس ڈیسک)پٹرول پمپ مالکان نے حکومت کی ڈی ریگولیشن پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے اس فارمولے کو نامنظور کر دیا ہے اور پاکستان پٹرولیم ڈیلرز نے ملک بھر میں پٹرول پمپس بند کرنے کا بھی اشارہ دیا ہے۔آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ڈی ریگولیشن فارمولے کو مسترد کرتے ہیں، کیونکہ اس پر عملدرآمد کی صورت میں پیٹرولیم اسمگلنگ اور ملاوٹ کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔واضح رہے کہ ڈی ریگولیشن کے تحت پٹرول پمپس اپنی قیمتیں خود طے کرنے کے مجاز ہوں گے۔ عبدالسمیع خان نے کہا کہ اس حوالے سے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی سینٹرل کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے اور ملک بھر میں احتجاجی بینرز بھی آویزاں کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزارت پٹرولیم کو ایک ہنگامی خط ارسال کیا جائے گا جس میں ڈی ریگولیشن فارمولے کی مخالفت کی جائے گی اور مارجن میں اضافے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ عبدالسمیع خان نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر مارجن 4 فیصد اضافے کے ساتھ 13 روپے کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اوگرا نے اس فارمولے پر پٹرولیم ڈیلرز کی حمایت کی ہے، مگر منسٹری کے سامنے اوگرا حکام کی جانب سے کوئی واضح موقف نہیں اختیار کیا گیا۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز کا ملک بھر میں پمپ بند کرنے کا عندیہ
4