اسلام آباد( اباسین خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اپنے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے لیے پر عزم ہے۔یونیورسٹی آف لندن کی وائس چانسلر وینڈی تھامسن سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں دنیا کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو منوانے اور ملک کا نام روشن کرنے کی مکمل استعداد موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی شہری یونیورسٹی آف لندن اور دیگر عالمی تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد عالمی مارکیٹ میں اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ حکومت پاکستان نے نوجوانوں کے لیے بیرون ملک تعلیم، سکالرشپ اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف پروگرام متعارف کرائے ہیں، اور نئی حکمت عملیوں پر کام جاری ہے۔ملاقات میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی شریک تھے۔
نوجوانوں کو عالمی تقاضوں کے مطابق صلاحیتوں سے آراستہ کر رہے ہیں: وزیراعظم
5