اسلام آباد( اباسین خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیفالٹ کا خواب دیکھنے والا ملک دشمن ٹولہ بار بار اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کرتا ہے، اور ایسے عناصر کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ برادر ممالک کے تعاون سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزارتِ اطلاعات کے افسران اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کا باہمی اعتماد بہت ضروری ہے، اور میڈیا کی تعمیری تنقید گورننس کی بہتری کے لیے مددگار ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اظہارِ رائے کی مکمل آزادی ہے اور حکومت میڈیا کو ریاست کے چوتھے ستون کے طور پر تسلیم کرتی ہے۔وزیراعظم نے اڑان پاکستان منصوبے کو ملکی ترقی کا سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ملکی استحکام کے بعد پاکستان کی ترقی کی رفتار 2018 کے سطح پر جہاں رکی تھی، وہاں سے دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔شہباز شریف نے میاں نواز شریف کی قیادت میں ترقی کے سنہری دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی معاشی استحکام کے بعد ترقی کا سفر زور و شور سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ڈیفالٹ کے خطرے سے بچ کر معاشی ترقی کی جانب قدم بڑھایا ہے۔انہوں نے حکومت کی پالیسیوں کے ثمرات پر بھی بات کی، جیسے کہ مہنگائی کی شرح میں کمی، برآمدات میں اضافہ، اور زرعی و صنعتی شعبوں میں ترقی۔ وزیراعظم نے ایف بی آر میں اصلاحات، کسٹمز کے نظام کی بہتری اور دیگر اقدامات کو بھی سراہا۔شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیوں کو تسلیم کیا اور کہا کہ افواج پاکستان سمیت پوری قوم اس ناسور کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی تکمیل پر بھی زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کی نوجوان نسل ہے اور حکومت ان کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ملاقات کے دوران وفد نے وزیراعظم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ معاشی اشاریوں میں بہتری خوش آئند ہے، اور میڈیا ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
ڈیفالٹ کا خواب دیکھنے والے ملک دشمن ٹولے کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی: وزیراعظم
1