لاہور( اباسین خبر)علمائے کرام نے تین جان لیوا کھیلوں کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتوی جاری کیا ہے، جس میں ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی، اور ون ویلنگ کو سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ فتوی میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام اعمال جو انسانی جان کو خطرے میں ڈالیں، اسلام میں غیر شرعی ہیں، کیونکہ اسلام انسانی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ اس فتوی کے مطابق، ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی، اور ون ویلنگ جیسے کھیل خودکشی کے مترادف ہیں اور ان کی اسلام میں اجازت نہیں ہے۔اس کے علاوہ، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ اسلام خود کو ہلاکت میں ڈالنے سے روکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پتنگ کی ڈور اور ہوائی فائرنگ کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، اور حالیہ 20 دنوں میں ون ویلنگ کرنے والے 151 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پتنگ بازی کے 150 مقدمات درج کیے گئے ہیں، اور ہوائی فائرنگ کے 118 ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس جان لیوا کھیلوں کی روک تھام کے لیے سخت کارروائی جاری رکھے گی اور والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو غیر قانونی اور غیر شرعی سرگرمیوں سے روکیں۔
علما نے 3 جان لیوا کھیل غیر شرعی قرار دیدیے، فتویٰ جاری
2