لاہور( سپورٹس ڈیسک)سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا۔ایک انٹرویو کے دوران گواسکر نے کہا کہ پاکستان کو اپنے میدانوں پر کھیلنے کا بڑا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس ٹورنامنٹ کے لیے میزبان ٹیم پاکستان کو فیورٹ قرار دینا چاہیے، کیونکہ کسی بھی ٹیم کے لیے ان کے اپنے ملک میں پاکستان کو ہرانا بہت مشکل ہوتا ہے۔گواسکر نے 2023 میں بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔ بھارت نے ایونٹ میں مسلسل 10 میچز جیتے، اور اگرچہ فائنل میں شکست ہوئی، مگر ان کی کارکردگی متاثر کن تھی۔واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہو رہی ہے، جبکہ بھارت اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شامل ہیں جو 2 گروپوں میں تقسیم ہیں۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں افغانستان، جنوبی افریقا، انگلینڈ اور آسٹریلیا ہیں۔میزبان پاکستان 19 فروری کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرے گا، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ 23 فروری کو دبئی میں شیڈول ہے۔
سنیل گواسکر نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا
2