لاہور( اباسین خبر)اینٹی کرپشن عدالت نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کے وکیل سے بریت کی درخواست پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے۔اینٹی کرپشن کورٹ کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی، جس میں شہباز شریف کی جانب سے ان کے پلیڈر انوار حسین حاضری کے لیے پیش ہوئے۔دوران سماعت معاون وکیل نے استدعا کی کہ شہباز شریف کے سینئر وکیل امجد پرویز آج دلائل کے لیے دستیاب نہیں ہیں، لہذا مہلت دی جائے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز سے بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لیے۔سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز حاضری کے لیے عدالت پیش نہ ہوئے، جس پر ان کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز بیٹی کا چیک اپ کرانے کے لیے ملک سے باہر گئے ہیں، اور درخواست کی کہ حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی۔
رمضان شوگر مل ریفرنس: وزیراعظم کے وکیل سے بریت کی درخواست پر دلائل طلب
2