لاہور( اباسین خبر)لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس جسٹس مس عالیہ نیلم نے سائلین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ایک جدید اور مفید منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت، سائلین اب ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے اپنے کیسز کی معلومات حاصل کر سکیں گے، جس سے ان کا وقت اور پیسہ بچ سکے گا۔چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے اس اقدام کا مقصد سائلین کو عدالت کے چکر لگانے سے بچانا اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مسلسل اپنے کیسز کی پیشرفت سے آگاہ کرنا بتایا ہے۔ یہ منصوبہ لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ پر دستیاب ہوگا، اور سائلین اب گھر بیٹھے اپنے کیسز کی معلومات حاصل کر سکیں گے۔نئے منصوبے کا آغاز اسی ماہ سے ہوگا، اور اس پر عمل درآمد کے لیے ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی، جمال احمد کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ پاکستان کی واحد ہائیکورٹ بنے گی جہاں اس سہولت کا آغاز ہو رہا ہے۔مشہور قانون دان احسن بھون نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح ٹیکنالوجی کے استعمال سے سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی اور ان کی مشکلات کم ہوں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سائلین کو بار بار عدالتوں میں آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، جس سے نہ صرف ان کے لیے بلکہ وکلا کے لیے بھی آسانی ہوگی۔اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ چودھری نصیر کمبوہ نے کہا کہ جسٹس مس عالیہ نیلم نے پنجاب کی تاریخ میں پہلی خاتون چیف جسٹس ہونے کے ناطے سائلین اور وکلا کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، سائلین گھر بیٹھے کیسز کی معلومات حاصل کر سکیں گے
5