غزہ( مانیٹرنگ ڈیسک)فلسطین نے بین الاقوامی برادری سے غزہ تنازع کے خاتمے کے لیے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی ایوان صدر نے اسرائیل پر غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل، تباہی اور بے گھر کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس خونریز تنازع کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے۔صدارتی ترجمان نبیل ابو رودینہ نے کہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس کی قیادت میں فلسطینی اتھارٹی شروع سے ہی اس تنازع کے خاتمے اور فلسطینیوں کو بچانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت نے 2 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کی شہادت، زخمی ہونے، حراست میں لیے جانے اور لاپتہ ہونے کا سبب بنی ہے۔ترجمان نے کہا کہ فلسطینی قیادت اس وقت جنگ بندی کی حمایت کر رہی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2735 کے نفاذ کے لیے عرب اور بین الاقوامی فریقوں سے بات چیت کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی قیادت کا ماننا ہے کہ یہ وقت ہے کہ اسرائیل کو مجبور کیا جائے کہ وہ غزہ میں اپنے جنگی اقدامات اور مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں جاری خلاف ورزیوں کا خاتمہ کرے۔صدارتی ترجمان نے عالمی برادری، بالخصوص بڑے ممالک سے درخواست کی کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کریں اور اسرائیل کو دیا گیا استثنی ختم کیا جائے تاکہ خطے میں امن و استحکام قائم ہو سکے۔
فلسطین کی عالمی برادری سے غزہ تنازع کے خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنیکی اپیل
2