کراچی( ابا سین خبر)سندھ حکومت کے تحفظات کے حوالے سے وزیراعلی مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک اور خط لکھا ہے۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے خط میں سوال اٹھایا کہ سندھ کو موٹروے منصوبوں میں کیوں نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے 6 مارچ 2024 کو وزیراعظم کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے حیدرآباد سکھر تک ایم 6 موٹروے کی تعمیر کی درخواست کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واحد راستہ ہے جو جنوب کو شمال سے جوڑتا ہے، لیکن اس منصوبے کو شامل نہیں کیا گیا۔خط میں وزیراعلی نے یہ بھی بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے سندھ کے لیے صرف 5 فیصد سے بھی کم رقم مختص کی ہے، جب کہ پنجاب کے 33 منصوبوں پر 38.65 فیصد رقم خرچ کی جا رہی ہے، اور سندھ کے 6 منصوبوں پر 4.34 فیصد رقم رکھی گئی ہے۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ گلگت کے 4 منصوبوں پر 4.40 فیصد اور آزاد کشمیر کے ایک منصوبے پر صرف 0.16 فیصد رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ حیدرآباد سے سکھر تک ایم 6 موٹروے کے منصوبے کے لیے بغیر کسی تاخیر کے بجٹ مختص کیا جائے اور این ایچ اے کو ہدایات دی جائیں کہ وہ اس منصوبے پر کام شروع کرے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا وزیراعظم کو ایک اور خط
2