راولپنڈی( اباسین خبر)بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا اور جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات میں دونوں رہنماں نے فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو کسی بھی بیرونی مداخلت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ جنوبی ایشیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک مشترکہ دفاعی اقدامات کے ذریعے شراکت داری کو فروغ دیں گے۔اس سے قبل بنگلہ دیشی وفد نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز (جے ایس ایچ کیو) میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں مشترکہ اسٹریٹجک مفادات پر گفتگو کی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جنرل ساحر شمشاد مرزا اور لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مسلسل تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔اس موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ دونوں ممالک ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے مضبوط دفاعی تعلقات پر مبنی مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے مسلح افواج کے عزم اور استقلال کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
پاکستان اور بنگلہ دیشی عسکری قیادت کی ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
2