پسنی( اباسین خبر)پسنی ہفتلار میں غیر قانونی گجہ ٹرالرز کے حملے سے مقامی ماہی گیر پریشان ہیں۔ درجنوں گجہ ٹرالرز نے جزیرہ ہفتلار کے سمندری حدود میں ڈیرہ جمالیا اور غیر قانونی شکار کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ محکمہ فشریز و دیگر سمندری محافظ ان ٹرالرز کی روک تھام میں ناکام ہو گئے ہیں۔مقامی ماہی گیروں نے گجہ ٹرالرز کی غیر قانونی ماہیگیری کی ویڈیوز وائرل کر دیں، جن میں ٹرالرز بلا خوف و خطر شکار کر رہے ہیں۔ اس دوران محکمہ فشریز کی گشتی ٹیم کی کوئی موجودگی نہیں تھی، اور وہ دور دور تک دکھائی نہیں دی۔پسنی اور ضلع گوادر کے بیشتر لوگوں کا واحد ذریعہ معاش ماہی گیری ہے، لیکن غیر قانونی ٹرالرز ان کے سمندری وسائل کو لوٹ کر ان علاقوں کو بانجھ بنا رہے ہیں، جس کی وجہ سے ماہی گیروں کے ہزاروں خاندانوں کی روزی روٹی تنگ ہوتی جا رہی ہے۔ حکومت بلوچستان اور محکمہ فشریز ان ٹرالرز کی روک تھام میں بری طرح ناکام ہو گئے ہیں۔
پسنی ہفتلارکے سمندری حدود میں درجنوں گجہ ٹرالرز نے ڈیرے جمالیے
3