اسلام آباد( اباسین خبر)پی این آر اے نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 کے لیے تعمیراتی لائسنس جاری کر دیاپاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 (سی-5) کے لیے باقاعدہ تعمیراتی لائسنس جاری کر دیا ہے۔پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے اپریل 2024 میں اس لائسنس کے لیے درخواست دی تھی، جس میں ابتدائی حفاظتی جائزہ رپورٹ (پی ایس اے آر) اور دیگر متعلقہ دستاویزات شامل کی گئی تھیں۔ ان دستاویزات میں ری ایکٹر کے ڈیزائن، جوہری مواد کا محفوظ استعمال، تابکاری سے تحفظ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقے، تابکار فضلے کا انتظام اور نیوکلیئر سکیورٹی کے پہلو شامل تھے۔پی این آر اے نے ان دستاویزات کا مفصل جائزہ لینے کے بعد اور قومی و بین الاقوامی معیارات و ریگولیٹری تقاضوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے بعد یہ لائسنس جاری کیا۔سی-5 ایک جدید تھرڈ جنریشن پریشرائزڈ واٹر ری ایکٹر (پی ڈبلیو آر) ہے جو چینی ہوا لونگ ڈیزائن (ایچ پی آر 1000) پر مبنی ہے۔ اس میں فعال اور غیر فعال حفاظتی خصوصیات، ڈبل شیل کنٹینمنٹ، ری ایکٹر فلٹرڈ وینٹنگ سسٹم اور جدید تکنیکی اختراعات شامل ہیں۔ یہ پلانٹ 60 سال تک مسلسل بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یاد رہے کہ سی-5 پاکستان میں اس ڈیزائن کا تیسرا نیوکلیئر پاور پلانٹ ہے۔
چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 کے لئے تعمیراتی لائسنس جاری
2