لاہور ( اباسین خبر)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملک میں ہمیں ایک دوسرے کا نقطہ نظر سمجھنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب یونیورسٹی لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا سکتے ہیں اور مسلم امہ صدیوں سے محکوم ہے، ہمیں جاگنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اگلے جہاں کے احتسابی عمل کے لیے خود کو تیار کرنا ہے اور اپنے درمیان حائل نفرت کی دیواروں کو ختم کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سراب دکھانے والوں کی تقلید کرنے سے بچنا ہوگا، کیونکہ بدقسمتی سے ملک نے کئی مارشل لا دیکھے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ ملک میں یک جماعتی نظام لانے کی کوشش بھی کی گئی، لیکن پاکستان کو جمہوری ملک کے طور پر بنایا گیا تھا اور ریاست کو جمہوریت کے مطابق ہی چلانا ہوگا۔پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ مدینے کی ریاست بنانے کا دعوی کرنے والے بھی آئے تھے، لیکن ہمیں ایک دوسرے کا نکتہ نظر سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ہم اپنا نظریہ دوسروں پر نہیں تھوپ سکتے، کیونکہ ملک ایک دوسرے کو برداشت کرنے سے چلتا ہے، عدم برداشت سے نہیں۔
ملک میں ہمیں ایک دوسرے کا نقطہ نظر سمجھنے کی ضرورت ہے: قمر زمان کائرہ
5