اسلام آباد( اباسین خبر)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ دھمکیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ملک کی ترقی نہیں چاہتی۔پریس کانفرنس میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کچھ الزامات عائد کیے، جن کا جواب دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی میڈیا کو خیبرپختونخوا میں بلا کر گمراہ کن معلومات دی جا رہی ہیں۔ 26 نومبر کو بھی آرٹیفشل انٹیلی جنس سے تصاویر اور ویڈیوز بنائی گئیں۔عطا تارڑ نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور پر اپنے ہی ورکرز نے پتھرا کیا، اور گارڈز نے فائرنگ کی جس کی فوٹیج بھی سامنے آئی۔ بشری بی بی نے علی امین گنڈاپور پر پتھرا کروایا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی طور پر ناکام ہو چکی ہے اور غیر ملکی میڈیا کو جعلی بریفنگ دے رہی ہے۔ 9 مئی کے واقعات کو قوم کبھی نہیں بھولے گی، جب کہ پی ٹی آئی نے بچوں کو اکسایا اور غیر ملکی فنڈنگ سے فوج کے خلاف مہم چلائی۔عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما دھمکیاں دے رہے ہیں، مگر ان میں اتنی ہمت نہیں کہ اگلی کال دے سکیں۔ اگر آپ سچے ہوتے تو آپ کی سیاست لاشوں پر نہ ہوتی، اور نہ ہی آپ کا ہر رہنما 12 لاشوں سے شروع ہو کر 1200 تک پہنچتا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی فوج کو سیاست میں گھسیٹنا چاہتی ہے اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، لیکن فوج اپنے ادارے کی حفاظت کرے گی۔
دھمکیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، پی ٹی آئی ملک مضبوط نہیں دیکھنا چاہتی: عطا تارڑ
8