تربت( اباسین خبر)وزیر اعلی بلوچستان کی مشیر برائے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز، میڈم مینا مجید نے تخریب کاری کے خلاف عوام سے میدان میں نکلنے کی اپیل کی اور کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں رکاوٹ عوام دشمنی کے سواکچھ بھی نہیں۔ انہوں نے تربت مند روڈ کی تعمیر و مرمت کی مشینری کو نذر آتش کرنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ ایک افسوسناک عمل ہے جس سے صرف تمپ اور تربت کے عوام کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے اس بات کا اظہار پریس کانفرنس کے دوران کیا کہ دہشت گردوں کا مقصد عوامی سہولت کے منصوبوں کو سبوتاژ کرنا اور انہیں بدحالی میں دھکیلنا ہے تاکہ عوام کا ریاست سے اعتماد متزلزل ہو۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ ایسے تخریبی عناصر کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے اور عوام کو ان کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔میڈم مینا مجید نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے کئی اسکیمیں منظور کی گئی ہیں، مگر دہشت گرد ان منصوبوں کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ ترقی پسند پالیسی اپنائیں اور مثبت خبریں نشر کریں تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور ترقی کا پیغام جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں کی عدم موجودگی سے عوام کو بہت مشکلات پیش آتی ہیں، خصوصا مریضوں کو۔ ایک گھنٹے کا سفر چار گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے۔میڈم مینا مجید نے مکران یوتھ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوانوں کے لیے ایک مثبت پیغام ہے اور حکومت مزید اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان نوجوانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، جن میں یوتھ انڈوومنٹ فنڈز، یوتھ اسکالرشپ، یوتھ کارڈ اور لیپ ٹاپ اسکیم شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے 30 ہزار نوجوانوں کو تربیت دے کر بیرون ممالک بھیجا جائے گا۔انہوں نے سسی پنوں کے قلعے کے تحفظ کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ اسے سیاحتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے حالیہ پی ایس ڈی پی میں شامل کیے گئے منصوبوں کا ذکر کیا جیسے تربت ٹیچنگ ہسپتال میں آئی سی یو کی سہولت، آرایچ سی مند کی چاردیواری، جامعہ تربت میں خواتین کے لیے کامن روم، اور ملافاضل کلب مند کے لیے کمروں کی تعمیر۔میڈم مینا مجید نے کہا کہ کھیل کے شعبے کی بہتری ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور وہ نئے اسٹیڈیم کی تعمیر کے ساتھ ساتھ موجودہ اسٹیڈیمز اور گرانڈز کی بحالی پر بھی توجہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بلوچی زبان کو پرائمری سطح پر شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ بچے اپنی مادری زبان سے بہتر طور پر واقف ہوں۔انہوں نے آخر میں کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان ان کی کاوشوں کو سپورٹ کریں گے اور عوامی فلاح کے منصوبے مکمل ہوں گے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ عوام کے سامنے حقائق پیش کریں اور منفی عناصر کی حمایت نہ کریں۔
ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر حکومت اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں، مینا مجید
15