کوئٹہ ( اباسین خبر)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر، رحمت صالح بلوچ نے پارٹی رہنماں کی منظم ٹارگٹ کلنگ پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور اسے ایک گہری اور منظم سازش کا حصہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان قتل و غارت کے واقعات کا مقصد بلوچستان کی جمہوری جدوجہد کو کچلنا اور عوام میں خوف پھیلانا ہے۔ رحمت صالح بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ صرف معمولی واقعات نہیں ہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھاگ میں اکبر بلوچ کو بے دردی سے شہید کیا گیا اور اب پنجگور میں نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنما عبدالغفور کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ سلسلہ واضح طور پر دکھاتا ہے کہ سماج دشمن عناصر ہماری سیاسی جدوجہد اور نظریاتی تحریک کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔رحمت صالح بلوچ نے انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے میں ناکامی اس بات کا ثبوت ہے کہ سیکورٹی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نااہلی نہیں بلکہ مجرمانہ خاموشی ہے۔ اگر انتظامیہ نے اپنی آنکھیں بند رکھی تو ہم اپنے کارکنوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار نہ کیا گیا اور ان کے پشت پناہوں کو بے نقاب نہ کیا گیا تو نیشنل پارٹی اور بلوچستان کے عوام احتجاج کی ایسی لہر پیدا کریں گے جسے دبانا کسی کے بس سے باہر ہوگا۔ رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ یہ خونریزی نہ تو ہمیں جھکا سکتی ہے اور نہ ہی ہمارے عزم کو کمزور کر سکتی ہے۔ ہم اپنے شہدا کے خون کا حساب لیں گے اور ظالموں کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔انہوں نے بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان سازشوں کے خلاف متحد ہو جائیں اور جمہوریت دشمن عناصر کو شکست دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
ہمارے رہنماوں کی ٹارگٹ کلنگ منظم سازش کا حصہ، رحمت صالح بلوچ
15